عمران خان سے ملاقات پر پابندی پنجاب حکومت اور مریم نواز کا پلان لگتا ہے: عاطف خان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی کو حکومت پنجاب اور مریم نواز کا منصوبہ قرار دے دیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی حکومت پنجاب اور مریم نواز کا کوئی پلان لگتا ہے، سیاسی حل چاہیے تو زیادہ سے زیادہ سیاسی لوگوں کو بانی سے ملنے دیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا کہ پہلے صرف ہم پر واضح تھا لیکن اب دنیا پر واضح ہوگیا ہے کہ محسن نقوی ان ہی کے آدمی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے مفاہمت کی بات کی توبیان آجائےگاکہ پی ٹی آئی این آر او مانگ رہی ہے،اس لیےابتدائی قدم حکومت کو اٹھانا ہوگا۔

دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے حوالے سے بہت سنجیدہ تھریٹ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے پکڑے گئے دہشتگردوں سے اڈیالہ جیل کے نقشے برآمد ہوئے ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کو کہیں اور منتقل کرنے کی اطلاع نہیں ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہوں یا کوئی اور قیدی، ہم کسی کی جان کا رسک نہیں لے سکتے۔

خیال رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر دو ہفتے کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔

اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب نے کیا ہے جس کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہوگا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگادی ہے، پولیس نے اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیرئیر لگادیے ہیں، جیل کے باہر خاردار تاروں کی تنصیب اور اندر ہر شخص کی تلاشی لینے کی ہدایت کی گئی ہے، جیل کے اطراف کلیئرنس آپریشن کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔