13 مارچ ، 2024
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سری لنکا والا کام ہونے جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کردی گئی، میری ساری پیش گوئیاں سچ ثابت ہوئیں، اب بتا رہا ہوں پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، اب مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور عوام باہر نکل آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ کوئی ڈیل کی بات نہیں ہورہی، وکلا تک سے ملاقاتیں بند کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہےگا، ہم انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پھر پیسا چلنے والا ہے، گزشتہ سینیٹ انتخابات میں گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا، آج تک سزا نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے، الیکشن جھوٹے ہوئے، سکیورٹی تھریٹ کا کہا جا رہا ہے، یہ بھی جھوٹ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو میدان میں نہیں آنے دیاگیا، ووٹر نے پولنگ ڈے پر ان سے بدلہ لیا لیکن ووٹ کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا۔