بابر اعظم کو اسکرپٹڈ کپتان کہنا درست نہیں:کوچ پشاور زلمی ڈیرن سیمی

فوٹو: پشاور زلمی
فوٹو: پشاور زلمی 

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ہم نے ملتان سلطانز کے خلاف 20 رنز کم اسکور کئے،147 اس وکٹ پر کم اسکور تھا، بولرز نے کم اسکور کے باوجود اچھی فائٹ کی۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 9 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کا 147 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یاسر خان 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔

میچ کے بعد  پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے خلاف کم از کم 165 رنز ہونا چاہیے تھے، ہم نے پاور پلے کے بعد اچھا نہیں کھیلا،  مہران ممتاز نے پاور پلے میں کوالٹی بولنگ کی ، آج کے میچ کو فراموش کرکے اگلے میچ کی تیاری کریں گے۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہم نے اس میچ میں عارف یعقوب کو کھلانے پر بھی غور کیا تھا، بابر اعظم کوالٹی پلیئر ہے اور اس کی قائدانہ صلاحیتیں اور نکھر چکی ہیں ، میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے تجربے سے بابر کو مستفید کروں، اگر کرکٹ میں کپتان اور کوچ دوران میچ مشورہ کریں تو کوئی مسئلہ نہیں،  بابر کو اسکرپٹڈ کپتان کہنا درست نہیں۔

پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں آخری لمحات میں ہر ٹیم تیزی سے رنز کرنا چاہتی ہے،  ملتان سلطانز نے ڈیتھ اوورز میں اچھی بولنگ کی، ہمیں 7 سے 15 ویں اوور کے درمیان میں اور رنز کرنا چاہیے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ہر سال نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، میں ٹیم کے پلیئرز کو کہتا ہوں کہ یہاں اچھا کھیلیں ، قومی ٹیم کے دروازے کھلیں گے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کوالیفائر میچ میں شکست کے باوجود فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں ہوئی وہ ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم سےمقابلہ کرے گی۔

ایلیمنیٹر ون آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا۔یہ میچ ہارنے والی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔

پشاور زلمی اور ایلیمنیٹر ون کی فاتح کے درمیان ہونے والے میچ کی کامیاب ٹیم ملتان سلطانز کے خلاف فائنل کھیلے گی۔