28 جنوری ، 2013
کراچی …کراچی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے تاجر رہنما محمد عرفان تین روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کے قتل پر تاجروں نے آج کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی الیکٹرونکس مارکیٹ کے سابق چیئرمین محمد عرفان 24 جنوری کو نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں رات گئے انہوں نے دم توڑ دیا۔ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہرنارتھ ناظم آباد بلاک ڈی کی مسجد طیبہ میں ادا کی جائے گی اور تدفین پاپوش نگر قبرستان میں ہوگی۔چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ اور الیکٹرونکس مارکیٹ رینبو سینٹر کے رہنما سلیم میمن نے محمد عرفان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت تاجروں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔