Time 16 مارچ ، 2024
پاکستان

افغان وزیرخارجہ کا اسحاق ڈار کو مبارکباد کا فون، دورہ کابل کی دعوت بھی دی

دونوں وزرائے خارجہ کے ٹیلیفونک رابطے میں پاک افغان سرحد پر مریضوں، تاجروں اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی پرتبادلہ خیال کیا گیا— فوٹو:فائل
دونوں وزرائے خارجہ کے ٹیلیفونک رابطے میں پاک افغان سرحد پر مریضوں، تاجروں اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی پرتبادلہ خیال کیا گیا— فوٹو:فائل 

وزیرخارجہ اسحاق ڈار اورافغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے ٹیلیفونک رابطے میں پاک افغان سرحد پر مریضوں، تاجروں اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی پرتبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعلقات مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ افغان عبوری وزیر خارجہ کی تہنیتی فون کال موصول کرکے خوشی ہوئی، باہمی دیرینہ تعلقات کے قیام کیلئے مل کرکام کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، انسداد دہشت گردی اور عوامی رابطوں میں اضافہ پاکستان کی ترجیح ہیں۔

اس حوالے سے افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ اسحاق ڈارکا پاک افغان تعلقات مضبوط بنانےمیں مثبت اور تعمیری کردارہونےکی امیدہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں مثبت روابط میں اضافہ ہورہا ہے، خطے میں علاقائی سطح پر بڑے منصوبوں کا عملی کام شروع ہو رہا ہے، ہم پاکستان میں تعمیری حصہ لینے کی توقع کر رہے ہیں۔

افغان وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو دورہ افغانستان کی دعوت بھی دی۔

مزید خبریں :