Time 18 مارچ ، 2024
پاکستان

احتساب عدالت نے ڈاکٹرعاصم و دیگرکیخلاف 462 ارب روپےکرپشن ریفرنس اینٹی کرپشن کو بھیج دیا

فوٹو: فائل
 فوٹو: فائل

احتساب عدالت  نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462 ارب روپےکی کرپشن کا ریفرنس اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو  بھیج دیا ہے۔

کراچی کی احتساب عدالت نے ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس ارسال کرنے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب، ڈی جی نیب کراچی کے ذریعے ریفرنس اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو بھجوائیں۔

عدالت نے 5 ملزمان کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن کا ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھجوادیا۔

عدالت نےکہا کہ جب تک ملزمان متعلقہ عدالت سے ضمانت کے لیے رجوع نہیں کرتے وہ ضمانت پر رہیں گے، متعلقہ عدالت یا تفتیشی افسرکے نوٹس کے باوجود ملزمان پیش نہ ہوں تو ضمانت کی رقم ضبط کرلی جائے۔

عدالت نے ریفرنس کے مفرور ملزم مسعود جعفری کو  اشتہاری قرار دینےکی کارروائی بھی ختم کردی۔

عدالت نےکہا کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف ٹرسٹ کی زمین کا غلط استعمال کرنے والے دو افراد کو گواہ نہیں بنایا گیا، ڈاکٹرعاصم و دیگر کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال اور مالی فوائد کا ریفرنس میں ذکر نہیں۔

ملزمان کے وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد عدالت کو ریفرنس کی سماعت کا اختیار  نہیں ہے۔

خیال رہےکہ ملزمان کے خلاف 8 سال تک ریفرنس زیر سماعت رہا ہے، دائر ریفرنس حتمی مراحل میں تھا، ریفرنس میں نامزد ڈاکٹر عاصم سمیت تمام ملزمان ضمانت پر رہا تھے۔

مزید خبریں :