پنجاب حکومت سکیورٹی نہیں دے سکتی تو عمران خان کو خیبرپختونخوا کے حوالےکرے: بیرسٹر سیف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نےکہا ہےکہ اگر پنجاب حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سکیورٹی نہیں دے سکتی تو انہیں خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کیا جائے۔

اڈیالہ  جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر  پابندی کے معاملے پر  ردعمل ظاہرکرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نےکہا کہ پنجاب حکومت اگر عمران خان کو سکیورٹی نہیں دے سکتی تو انہیں خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کیا جائے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات پر پابندیوں سے تمام قیدیوں کے لیے مشکلات پیدا کردی گئی ہیں، پنجاب حکومت اپنی نااہلی، نالائقی اور عمران خان کے خوف کی وجہ سے لوگوں کو  تکلیف اور  اذیت میں مبتلا کرنےکے بجائے انہیں خیبر پختونخوا  حکومت کے حوالے کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ  مریم نواز پنجاب میں کام کے بجائے فوٹو شوٹ میں مصروف ہیں اور خواجہ آصف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اسمبلی میں فضول شوشہ چھوڑتے ہیں،  پنجاب میں اپنی حکومت کی نااہلی نالائقی چھپانے کے لیے ڈرامے بازی ہو رہی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا ردعمل

بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت پنجاب کی جیلوں میں قید تمام قیدی مکمل محفوظ ہیں، اربوں کے ڈاکے مارنے والےکو جیل میں بہترین سکیورٹی اورکھانےکی سہولیات مل رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ  بیرسٹرسیف کو خیبر پختونخوا کےعوام کی فکر کرنی چاہیے، سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے لوگوں کی گواہیاں ان کی جماعت کے اپنےلوگ دے رہے ہیں اور  مریم نواز کی کارکردگی کا اعتراف ان کے مخالفین بھی کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :