کسی دہشت گرد تنظیم کو معافی نہیں ملےگی: وزیر داخلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی دہشت گرد تنظیم کو  معافی نہیں ملے گی۔

نیکٹا ہیڈکوارٹرز میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ 

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیکٹا کو فرنٹ فٹ پر لڑانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ آئندہ ہفتے نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا  اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ 

اجلاس میں وزیر  داخلہ کا کہنا تھا کہ نیکٹا کی جدید خطوط پر تنظیم نو کی جائےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ اہم ہے کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف پیشگی ایکشن لیں اور اس کے ذریعے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کیا جائے۔

 وزیر داخلہ نے تمام صوبائی سی ٹی ڈیز کی استعداد کار سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے، کسی دہشت گرد تنظیم کو معافی نہیں ملے گی، دہشت گردوں کے انتہا پسند نظریے کے خلاف قومی بیانیے کی ترویج کرنا ہوگی۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کےخلاف جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمدکیا جائے۔

مزید خبریں :