کراچی: گٹر سے چکنائی نکالنے کے دوران 2 افراد چل بسے

دونوں افراد گٹر سے آئل کی چکناہٹ کو نکال کر جمع کرتے تھے جسے فروخت کیا جاتا تھا، پولیس/ فائل فوٹو
دونوں افراد گٹر سے آئل کی چکناہٹ کو نکال کر جمع کرتے تھے جسے فروخت کیا جاتا تھا، پولیس/ فائل فوٹو

کراچی میں گٹر  سے آئل اور  چکنائی نکالنے کے دوران 2 افراد دم گھٹنے سے دم توڑ گئے۔

پولیس حکام کے مطابق پورٹ قاسم کے علاقے میں مقامی آئل فیکٹری کے قریب 2 افراد گٹر میں اتر کر اس میں جمع ہونے والا آئل و دیگر چکنائی نکال رہے تھے کہ اس دوران دونوں افراد دم گھٹنے سے چل بسے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مختلف کمپنیوں کا آئل بہہ کر گٹر میں جمع ہوجاتا ہے جس سے چکنائی بن جاتی ہے۔ دونوں افراد آئل کی چکناہٹ کو نکال کر جمع کرتے تھے جسے فروخت کیا جاتا تھا جو کہ صابن اور دیگر اشیا کی تیاری میں استعمال کی جاتی ہے۔

واقعہ میں ہلاک شدگان کی شناخت 26 سالہ امجد اور 24 سالہ قدیر کے نام سے کی گئی ہے۔ دونوں افراد کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا اور وہ سکھن کے علاقے لال آباد کے رہائشی تھے، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔ 

مزید خبریں :