ججز کو مشکوک خطوط کا معاملہ، پوسٹ باکسز کے اطراف بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے خراب

اسلام آباد پولیس نے متبادل ذرائع سے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا ہے: ذرائع۔ فوٹو فائل
 اسلام آباد پولیس نے متبادل ذرائع سے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا ہے: ذرائع۔ فوٹو فائل

سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط کا معاملے کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پوسٹ باکسز کے اطراف لگے بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں۔

ذرائع کے مطابق ججز کو مشکوک خطوط کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ کی تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات میں پیشرفت سے متعلق سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ رجسٹرارز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سب ڈویژنل پوسٹ آفس سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کی حدود میں واقع پوسٹ باکسز کا معائنہ جاری ہے اور پوسٹ باکسز کے اطراف موجود بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے متبادل ذرائع سے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا ہے، پوسٹ باکسز والےعلاقے میں واقع دکانوں اور دفاتر میں کام کرنے والوں سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی پوسٹ آفس کے تمام عملے کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوئےتھے، پھر گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے ججز اور چیف جسٹس پاکستان سمیت سپریم کورٹ کے ججز کو بھی مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے۔

مزید خبریں :