04 اپریل ، 2024
افریقی ملک بوٹسوانا کے صدر نے 20 ہزار ہاتھی جرمنی بھیجنے کی دھمکی دے دی۔
جرمنی کی جانب سے ٹرافی ہنٹنگ پر پابندی لگانے کے خدشے کے بعد افریقی ملک بوٹسوانا کے صدر نے 20 ہزار ہاتھی جرمنی بھیجنے کی دھمکی دی۔
جرمن میڈیا سے بات کرتے ہوئے بوٹسوانا کے صدر موکویٹسی ماسیسی نےکہا کہ ٹرافی ہنٹنگ ہاتھیوں کی تعداد کو ایک حد میں رکھنے کا سب سے اہم ذریعہ ہے اور اس پر پابندی لگانے سے صرف مقامی لوگوں کی غربت میں ہی اضافہ ہوگا۔
خیال رہےکہ دنیا میں ہاتھیوں کی کل تعداد کا ایک تہائی بوٹسوانا میں پائے جاتے ہیں جن کی تعداد 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے، جبکہ بوٹسوانا پہلے ہی دیگر ممالک یعنی انگولا کو 8 ہزار جب کہ موزمبیق کو 500 ہاتھی بھیج چکا ہے اور ہاتھیوں کا تحفہ اب جرمنی کو بھی دینا چاہتا ہے۔
جرمنی کی جانب سے ٹرافی ہنٹنگ پر پابندی کے اشارے کے بعد بوٹسوانا کے صدر نے طنزیہ طور پر کہا کہ وہ جرمنی کو بھی تحفے میں ہاتھی بھیجنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں احساس ہو کہ ہاتھیوں کے درمیان رہنا کیسا ہے۔
بوٹسوانا کے صدر نے کہا کہ برلن (جرمن دارلحکومت) میں بیٹھ کر بوٹسوانا کے معاملات سے متعلق بات کرنا آسان ہے، ہم دنیا کے لیے ان جانوروں کی حفاظت کی قیمت چکا رہے ہیں اور یہ کوئی مزاق نہیں ہے۔
صدر نے یہ بھی کہا کہ ہاتھیوں کے ریوڑ گھروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور فصلیں بھی برباد کررہے ہیں جس سے شہریوں کا نقصان ہورہا ہے۔