Time 07 اپریل ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت کا پارٹی اختلافات سے متعلق بیانات بند کرنے کا فیصلہ

دو ماہ سے میڈیا پر پی ٹی آئی میں اختلافات کا گیم چلاجا رہا ہے، پارٹی کے اندر میرے خلاف کوئی پروپیگنڈہ کرے تو کوئی جواب نہیں دیا جائے گاشیرافضل مروت— فوٹو: فائل
دو ماہ سے میڈیا پر پی ٹی آئی میں اختلافات کا گیم چلاجا رہا ہے، پارٹی کے اندر میرے خلاف کوئی پروپیگنڈہ کرے تو کوئی جواب نہیں دیا جائے گاشیرافضل مروت— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما  شیرافضل مروت نے پارٹی اختلافات سے متعلق بیانات نہ دینے کا اعلان کردیا۔

اپنے  ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ دو ماہ سےمیڈیا پر  پی ٹی آئی میں اختلافات کا گیم چلایاجا رہاہے، ان معاملات میں مجھےاپنی بھی غفلت نظر آئی ہے۔

بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مجھےاحساس ہوا ہے کہ ہمیں ذمہ داری سے اپنےکردار کا تعین کرنا چاہیے،  آج کے بعد پارٹی کے اختلافات کے مسئلے پر کسی سوال کا جواب نہیں دوں گا۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ  پارٹی میں اپنے تمام اختلافات ختم کرتاہوں،  پارٹی کے اندر میرے خلاف کوئی پروپیگنڈا کرے تو کوئی جواب نہیں دیاجائےگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  راولپنڈی میں  میڈیا سے بات چیت کے دوران پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت پارٹی کے مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر کے سامنے ہی پھٹ پڑے تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے شہریار آفریدی کی دھمکی پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریار آفریدی کوجو بات کرنی ہے وہ پارٹی پلیٹ فارم سے کریں، جب عمران خان رہا ہوں گے تو اس وقت دیکھیں گےکس کس کو پارٹی میں واپس آنا ہے۔

اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ شہریار آفریدی نے جو بات کی میں اس کی تائید کرتا ہوں، انہوں نے خرم ذیشان کیلئے آواز اٹھائی ہے، خرم ذیشان کا نام ڈراپ کیا جانا بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کی توہین ہے۔

 شیر افضل نے کہا کہ میری کھینچا تانی ہورہی ہے، جو لوگ یہ کررہے ہیں میں کھل کر ان کے ساتھ کروں گا، یہ لوگ میرے بغض میں کررہے ہیں اور پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ پارٹی کے اندرکچھ لوگ مجھے فرنٹ فٹ پر نہیں دیکھناچاہتے۔

مزید خبریں :