10 اپریل ، 2024
گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان کا مستقبل ہے جس سے شایدکچے، پکے کے ڈاکو پریشان ہیں۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کراچی کا امن و امان ایس آئی ایف سی اپنےکنٹرول مین لے لے کیونکہ کراچی کا امن پورے ملک کی معیشت لے کر چلے گا۔
ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو دعوت ہے امن کیلئے معاہدہ کریں، ایسا معاہدہ جس سے لوگوں کی جان مال روزگار کا تحفظ ہو، آئیں سندھ کو مثالی صوبہ بنانے کیلئے مل کر کام کرتے ہیں، جس کے پاس جانا ہو چل کرجانے کو تیار ہوں۔
کامران ٹیسوی کا کہنا تھا گورنر ہاؤس میں دولاکھ 80ہزارافرادکو رمضان میں افطار کرایا، گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کیلئے 24 گھنٹے کھلے ہیں، پورے سندھ سے جو شخص مایوس ہو یہاں چلا آئے اسےگلے سے لگائیں گے، موٹر بائیک رائیڈر ز اور دیگر کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں پڑھنے والا کوئی 500 اورکوئی 600 ڈالر کما رہا ہے، آئی ٹی کا سلسلہ سندھ تک بڑھا رہے ہیں، سکھر اور دیگر شہروں میں آئی ٹی یونی ورسٹیز بنا رہے ہیں۔