31 جنوری ، 2013
اسلام آباد…امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات صرف افغانستان کی وجہ سے نہیں، 2014 کا سال 1989 نہیں ہو گا، امریکا کو ماضی کی غلطی کا احساس ہے، خطے سے لاتعلق نہیں ہوں گے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ طویل المدتی پارٹنرشپ کیلئے پرعزم ہے،پاکستان کے ساتھ تعلقات مسائل سے ہٹ کر اور مشترکہ مفادات پر مبنی چاہتے ہیں۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کو افغانستان میں قیام امن کیلئے مشترکا کوششیں کرنا ہوں گی۔