17 اپریل ، 2024
دبئی سمیت خلیجی ملکوں میں طوفانی بارشوں کا سبب بننے والے موسمی نظام نے بلوچستان میں تباہی مچادی۔
تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی شدید بارشوں کے باعث گوادر، پسنی، اورماڑہ اور جیونی میں متعدد کچے مکانات گرگئے، آبادیاں زیر آب آگئیں۔
طوفانی ہواؤں سے گھروں پر لگے سولر پینلز بھی گر گئے، بارشوں کے بعد پہاڑوں سے آنے والے ریلوں سے بھی نقصانات ہوئے، کئی سڑکیں بہہ گئی ہیں اور متعدد دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔
قلات اور ہرنائی سمیت وسطی بلوچستان میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن اور شمالی بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی خلیج سے آئے موسمی نظام کے زیر اثر طوفانی بارشیں جاری ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مزید بارشیں ہوں گی اور یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع پاراچنار میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کچے مکانات گرگئے۔ دریائے کرم میں طغیانی آنے سےدریا کنارے زرعی زمینیں زیر آب آگئیں۔