دنیا
Time 18 اپریل ، 2024

2024 کیلئے دنیا کے بہترین ائیرپورٹ کا اعزاز ایک مسلم ملک کے نام

اس سے قبل 2021 اور 2022 میں بھی یہ دنیا کا بہترین ائیر پورٹ قرار دیا گیا تھا / رائٹرز فوٹو
اس سے قبل 2021 اور 2022 میں بھی یہ دنیا کا بہترین ائیر پورٹ قرار دیا گیا تھا / رائٹرز فوٹو

روزانہ کروڑوں افراد فضائی سفر کرتے ہیں، جس کے دوران انہیں ائیر پورٹ پر وقت گزارنے کا تجربہ بھی ہوتا ہے۔

کچھ ہوائی اڈے ان کو پسند نہیں آتے، کچھ اوسط درجے کے لگتے ہیں اور کچھ ان کو دلوں میں جگہ بنالیتے ہیں۔

مگر دنیا کا بہترین ائیر پورٹ ایسا ہے جہاں کئی گھنٹے گزار کر بھی لوگوں کا دل کرتا ہے کہ مزید کچھ وقت تک قیام کیا جائے۔

اسکائی ٹریکس نامی ایئرلائن کنسلٹنگ گروپ نے 2024 کے لیے دنیا کے بہترین ائیر پورٹس کی سالانہ فہرست جاری کی ہے، جس میں ایک مسلم ملک کا ائیر پورٹ نمبرون رہا ہے۔

درحقیقت گزشتہ چند برسوں سے دنیا کے بہترین ائیر پورٹ کی جنگ قطر اور سنگا پور کے درمیان ہوتی رہی ہے۔

گزشتہ سال سنگا پور نے 12 ویں بار دنیا کے بہترین ائیر پورٹ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا اور اس سال قطر کے حماد انٹرنیشنل ائیر پورٹ نے دنیا کے بہترین ہوائی اڈے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

اس سے قبل 2021 اور 2022 میں بھی وہ یہ اعزاز اپنے نام کرچکا ہے۔

قطر کا یہ ائیر پورٹ 2014 میں تعمیر ہوا تھا اور اب مشرق وسطیٰ میں بین الاقوامی ٹرانزٹ پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔

دنیا کے 10 بہترین ائیر پورٹس کی تصاویر

6 لاکھ اسکوائر میٹر پر پھیلی اس کی عمارت میں ایک ہی ٹرمینل ہے جس کو 5 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، مگر اس کی توسیع پر کام جاری ہے۔

آبشار اور گلاس برج سے لیس سنگا پور ائیر پورٹ کے حصے میں دوسرا نمبر آیا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کے سیکڑوں ائیر پورٹس میں دستیاب سہولیات جیسے ٹرمینل لے آؤٹ، وائی فائی کی دستیابی اور ریسٹورنٹس وغیرہ کے حوالے سے عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر یہ فہرست مرتب کی گئی ہے۔

جنوبی کوریا کے انچیون ائیرپورٹ کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جبکہ اسے دنیا کا سب بہترین خاندان دوست ہوائی اڈہ بھی قرار دیا گیا۔

جاپان کا ٹوکیو انٹرنیشنل اور ٹوکیو ناریتا ائیر پورٹس بالترتیب چوتھے اور 5 ویں بہترین ائیر پورٹ قرار دیے گئے۔

پیرس کا چارلس ڈیگال ائیر پورٹ دنیا کا چھٹا بہترین ہوائی اڈہ رہا جس کے بعد دبئی ائیرپورٹ 7 ویں پوزیشن اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔

جرمنی کا میونخ ائیر پورٹ 8 ویں، سوئٹزر لینڈ کا زیورخ ائیر پورٹ 9 ویں جبکہ استنبول ائیر پورٹ 10 ویں نمبر پر رہا۔