Time 19 اپریل ، 2024
پاکستان

پاکستان کا مسئلہ وسائل کی قلت کا نہیں اس کے انتظام کا ہے: سی ای او پاکستان بزنس کونسل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) احسان ملک نے کہا ہے کہ غور کریں تو محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کا مسئلہ وسائل کی قلت نہیں بلکہ اس کے انتظام کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں تباہی اور باقی سال ملک میں پانی کی قلت کی خبریں آتی ہیں اس کے علاوہ  بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ استعمال نہ ہونے والے بجلی کے کیپسٹی اخراجات سے مہنگی بجلی کی خبریں بھی سامنے آتی ہیں۔

احسان ملک کا کہنا تھا کہ  انتظام ٹھیک کرنے کیلئے حکمت عملی اور وسائل چاہییں، پاکستان کو اپنا ہوم ورک کرنا ہے، اپنا سرمایہ کاری کا ماحول ٹھیک کرنا ہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ پاکستان بزنس کونسل میں شامل سو سے زائد کمپنیاں ملکی قومی پیداوار کے 16 فیصد، ایک چوتھائی ٹیکس اور تقریباً 40 فیصد برآمدات کی حصہ دار ہیں۔

کونسل کے سی ای او نے وزیراعظم کی دعوت پر سعودی عرب سے سرمایہ کاری کیلئے وفد کی آمد کو مثبت پیشرفت قراردیتے ہوئے کہا کہ کونسل کی توجہ ملک کے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر رہتی ہے، وہ حکومت کو مشورے بھی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کا تجربہ ملک میں سرمایہ کاری کا حال بتائے گا، پاکستانی حکومت کو مشورہ ہے کہ مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری کو حکمت عملی سے چینل کیا جائے۔

احسان ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کا روڈ میپ اپنے وسائل سے پیداوار بڑھانے، روزگار فراہم کرنے، برآمدات بڑھانے، خود انحصاری کا ہونا چاہیے کیونکہ دنیا میں سرمایہ کاری ماحول، سماج اور گورننس پر منتقل ہو رہی ہے جس کا محور ذمہ داری، پائیداری اور شمولیت ہے اور یہ پاکستان کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :