19 اپریل ، 2024
کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے میں اپنی جان پر کھیل کر غیر ملکیوں کی زندگی بچانے والے شہید سکیورٹی گارڈ کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
جمعہ کو کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک سکیورٹی گارڈ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو پائی ہے تاہم دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد 45 سالہ نور محمد اور 45 لنگر خان کے ناموں سے شناخت ہوئی دونوں سکیورٹی گارڈ تھے اور غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں۔ بعد ازاں ایک سکیورٹی گارڈ نور محمد دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرا سکیورٹی گارڈ سلمان رفیق وینٹی لیٹر پر ہے۔
لانڈھی حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی گارڈ نور محمد کے بھائی راہب علی کا کہنا ہے کہ نور سانگھڑ کا رہائشی تھا، دو سال سے غیر ملکیوں کے ساتھ سکیورٹی کی ڈیوٹی کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ نور محمد روزگار کے لیے کراچی میں مقیم تھا ، چند دن پہلے ہی اس کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔