20 اپریل ، 2024
لاہور: وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سب شعبوں کی ترقی کا باعث بن رہی ہے اس لیے پاکستان کو بھی آئی ٹی حب بنائیں گے۔
وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نےآئی ٹی سی این ایشاء نمائش ایکسپو کے دوسرے روز خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ کاروبار کو سپورٹ اور اس میں حائل ہر قسم کی رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا ملک میں اسمارٹ ایپس اور ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھیں۔
شزہ فاطمہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر سال 10 ہزار آئی ٹی گریجویٹس پیدا کر رہے ہیں، حکومت ایکو سسٹم، پالیسی سازی اور ساز گار ماحول کی فراہمی سمیت ہر طرح سے عوام کی مدد کرے گی جبکہ نالج بیس اکنامی کی ترقی کے لیے بھی اقدامات کررہے ہیں۔
نمائش کے شرکا نے اس کاوش کو سراہا کہ ایک چھت تلے آئی ٹی سے متعلق تمام معلومات مل رہی ہیں جو ایک مثبت قدم ہے۔
واضح رہے آئی ٹی سی این ایشاء 3 روزہ نمائش کا ہفتے کو آخری دن ہے، منتظمین کا کہنا ہے کہ اسٹیک ہولڈر سے آئی ٹی سے متعلق براہ راست آگاہی شرکا کے لیے بہت فائدہ مند ہو گی۔