23 اپریل ، 2024
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچ گئے۔
لاہور آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع ، صوبائی وزرا سلمان رفیق، بلال یاسین، چوہدری شافع، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
ایران کے صدر آج لاہور میں آدھا دن گزاریں گے جہاں ان کی وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوں گی جس کے بعد وہ کراچی روانہ ہوں گے۔
ایران کےصدرابراہیم رئیسی نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں ن پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں ایک روز قیام کریں گے جہاں ان کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر کامران ٹیسوری اور دیگر سے ملاقاتیں ہوں گی جس کے بعد وہ کل واپس روانہ ہوں گے۔
لاہور اور کراچی کے دورے کے موقع پر دونوں شہروں میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں جہاں کل اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جب کہ ان کی صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات ہوئی۔