31 جنوری ، 2013
اسلام آباد … حج کرپشن کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق ڈی جی حج راوٴ شکیل کی درخواست ضمانت ٹرائل کورٹ منتقل کر دی ہے اور اسپیشل جج سینٹرل کو حکم دیا ہے کہ 3 دن کے اندر اس پر فیصلہ کیا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انور خان کاسی نے راوٴ شکیل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ راوٴ شکیل کے وکیل شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے موٴقف اختیار کیا کہ جیسے حامد سعید کاظمی کی درخواست ضمانت منظور کی گئی، ویسے راوٴ شکیل کی بھی درخواست منظور کی جائے، 2 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود فیصلہ نہ ہونے پر ضمانت پر رہائی ملزم کا حق ہے۔ ایف آئی اے کے وکیل چوہدری ذوالفقار نے کہا کہ کیس کا فیصلہ نہ ہونے کے ذمہ دار ملزمان ہیں جو 30سے زائد تاریخیں لے چکے ہیں۔ عدالت نے معاملہ ٹرائل کورٹ کے سپرد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسپیشل جج سینٹرل 3 دن کے اندر راوٴ شکیل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کریں۔