پاکستان
31 جنوری ، 2013

چندخاندانوں کی حکمرانی کاخاتمہ کرکے عوامی راج چاہتے ہیں، الطاف حسین

چندخاندانوں کی حکمرانی کاخاتمہ کرکے عوامی راج چاہتے ہیں، الطاف حسین

لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ہم پاکستان میں ایساانقلاب چاہتے ہیں جس میں چندخاندانوں کی حکمرانی کاخاتمہ ہو اور ملک پر 18کروڑ عوام کی حکمرانی قائم ہو۔ اب بڑی بڑی جاگیروں،چھوٹے چھوٹے راجواڑوں اورریاستوں کے توڑنے کاوقت آگیاہے۔ان ریاستوں اور راجواڑوں کوختم نہیں کیاگیاتویہ جاگیردارباقیماندہ پاکستان کوبھی ختم کردیں گے۔انہوں نے یہ بات آج سینٹرل پنجاب کے تنظیمی سیٹ اپ کی تشکیل نوکے اعلان کے موقع پرپنجاب ہاوٴس لاہورمیں ایم کیوایم کے ذمہ داروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجتماع میں اراکین رابطہ کمیٹی اورسینٹرل ایگزیکٹوکونسل کے ارکان بھی موجود تھے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ پوراپنجاب برادریوں اوربڑے بڑے جاگیرداروں اور زمینداروں کی جاگیروں میں بٹ گیاہے،بظاہر پاکستان اورپاکستان کے عوام آزادہیں لیکن اگرحقائق کی عینک لگاکردیکھاجائے توچندخاندانوں کے علاوہ پورے پاکستان کے عوام غلام نظرآئیں گے۔انہوں نے کہاکہ 1947ء میں قائداعظم کے زمانے ہی میں ان کے خلاف سازشیں شروع کردی گئی تھیں ، میں آج بھی اس بات پر قائم ہوں کہ 1948ء میں قائداعظم کوایک گھناوٴنی سازش کے تحت قتل کیاگیا۔اسکے بعد قائداعظم کے دست راست اور ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کوراولپنڈی کے بھرے جلسہ میں گولی مارکرشہیدکردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ آج پنجاب کے کسی بھی حصہ سے تعلق رکھنے والے شہری ہوں وہ مراعات یافتہ طبقہ کے چندخاندانوں اوران کی اولادوں کوووٹ دینے پرمجبورہوتے ہیں، ان میں اتنی ہمت وسکت نہیں ہوتی کہ وہ بھی اس بات کاکھل کرعملی اظہارکرسکیں کہ وہ بھی انسان ہیں اورانہیں بھی ا پنی مرضی استعمال کرنے کا پوراحق حاصل ہے،غریب ومتوسط طبقہ کے ان عوام میں اتنی جرات نہیں ہوتی کہ وہ بھی اپناایک گروپ بناکر اپناکوئی امیدوارکھڑاکرسکیں اورا س کوکامیاب کرائیں۔لیکن مصیبت یہ ہے کہ جوبھی اٹھے گااس کوانتقام کانشانہ بنایاجائے گا۔انہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج آپ کویہ عہدکرناہوگاکہ آپ کوغلاموں کی طرح نہیں رہناہے بلکہ اپنے بزرگوں کے بنائے ہوئے ملک کوقائم رکھنا ہے، اسے خوشحال بناناہے ، ترقی اوراستحکام دینا ہے ، عوام مہنگائی، پیٹرول ، بجلی گیس کے بحران کی وجہ سے تنگ ہیں، غربت ، بیروزگاری کی وجہ سے خودکشی کرنے اوراپنے بچے بیچنے پر مجبورہوگئے ہیں۔ اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم آزمائے ہوئے لوگوں کے پیچھے نہ بھاگیں۔انہوں نے کہاکہ جب جب ایم کیوایم نے پنجاب میں قدم رکھا اورآگے بڑھنے لگی توایک سازش کے تحت فساد یادہشت گردی کاکوئی نہ کوئی واقعہ کرواکر ایم کیوایم کووہیں مصروف کردیاگیالیکن اب ایم کیوایم کوکسی سازش کے ذریعے روکانہیں جاسکتااوراب وہ وقت دورنہیں کہ انقلاب کاعملی آغاز اب کسی اورصوبہ سے نہیں بلکہ صوبہ پنجاب سے ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں امیروں کے بچوں کیلئے اعلیٰ معیارکے الگ اسکول ہیں جبکہ غریبوں کے بچوں کیلئے الگ اسکول ہیں، ہم اس دوہرے نظام تعلیم کوختم کرکے ایسایکساں نظام تعلیم قائم کریں گے کہ جہاں امیرغریب سب کے بچوں کومیرٹ کی بنیادپر داخلے مل سکیں۔ الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داروں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ تیارہوجائیں ہم مینار پاکستان لاہورپرتاریخی جلسہ عام منعقدکریں گے۔ انہوں نے سینٹرل پنجاب کے نومنتخب عہدیداروں کوتلقین کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اوردیانتداری سے انجام دیں۔


مزید خبریں :