31 جنوری ، 2013
پشاور … پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے نیب کی کارکردگی کو افسوسناک قراردیتے ہوئے مقدمات کی تیز پیروی کی ہدایت کردی۔ پشاورترقیاتی ادارہ(پی ڈی اے)کے سابق ڈائریکٹرجنرل ظاہر شاہ پر خورد بردکے مقدمہ میں اپیل کی سماعت کے دوران پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے نیب کی کارکردگی کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ نیب کے پاس سالہا سال سے مقدمات پڑے ہیں مگرنیب کے پراسیکیوٹرز مقدمات کی پیروی نہیں کرتے۔ ان کاکہناتھا کہ یہ مقدمہ 1999ء سے عدالت میں ہے۔ انہوں نے نیب کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ وہ پراسیکیوٹرز کو مقدمات کی پیروی کا پابند بنائیں دوسری صورت میں نیب کو عدالت عظمیٰ میں مقدمات کی پیروی کے حق سے محروم کردیا جائے گا۔