31 جنوری ، 2013
لاہور … مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ آنے والے الیکشن پاکستان کی بقاء کے الیکشن ہیں، نوجوان مخلص قیادت کو منتخب کریں، اس بار بھی غلط لوگوں کو لائے تو ذمہ دار نظام نہیں ہم خود ہوں گے۔ لاہور کے الحمرا ہال میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے طلباء میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹروں نے ملک کا استحصال کیا، ایوب خان نے پانی بیچا تو پرویز مشرف نے تو ملک کا ہی سودا کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان انتخابات میں اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں، کسی کے کہنے میں نہ آئیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وہ اقتدار میں آئے تو دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے، غیر ملکی امداد نہ لیکر ثابت کردیا کہ ہم اپنے پاوٴں پر چل سکتے ہیں ۔