دنیا
27 فروری ، 2012

فرانس اور جرمنی نے افغانستان سے مشیر واپس بلا لیے

فرانس اور جرمنی نے افغانستان سے مشیر واپس بلا لیے

کابل … فرانس اور جرمنی نے افغانستان کی مختلف وزارتوں میں تعینات اپنے مشیر واپس بلانے کا اعلان کردیا، افغانستان میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج جاری ہے ،مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 30 ہو گئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کابل میں دو امریکیوں کی ہلاکت کے بعد فرانس اور جرمنی نے افغانستان کی مختلف وزارتوں میں تعینات ماہرین اور دیگر عملے کو واپس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔اعلان میں کہا گیا ہے یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے،صورت حال بہتر ہوتے ہی اسٹاف واپس بھیج دیا جائے گا۔ اس سے پہلے اتوار کو بھی افغان صوبے قندوز اور سمنگان میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر امریکا مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ قندوز میں ریلی نکالنے کی کوشش کی گئی جسے پولیس نے روک لیا اس دوران ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔ قصبہ امام صاحب میں مظاہرین نے امریکی اسپیشل فورسز کے اڈے پر دستی بم پھینکا۔ جس کے نتیجے میں 7 امریکی سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔افغانستان میں کزشتہ 6 روز سے جاری مظاہروں کے دوران فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 سے زائد ہو گئی ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے ٹی وی خطاب میں لوگوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی اور امریکا سے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

مزید خبریں :