07 مئی ، 2024
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے درجہ حرارت بڑھنے اور ہفتےکے آخر میں بارش کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں8 تا 10 مئی درجہ حرارت 3 سے5 ڈگری بڑھ سکتا ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہےکہ درجہ حرارت میں ممکنہ اضافے سے ہیٹ ویوکی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں اور غیرضروری سفر نہ کریں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ مویشی مالکان شدیدگرمی میں اپنے مال مویشیوں کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 10 مئی سے مختلف علاقوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،کاشت کار حضرات موسم کی صورتحال کے مطابق اپنے معمولات تشکیل دیں۔