Time 11 مئی ، 2024
پاکستان

صدر مملکت آصف علی زرداری کا دورہ کوئٹہ، پارٹی رہنماؤں نے شکایات کے انبار لگادیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ کوئٹہ کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی عہدیداروں نے حکومت سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے۔

صدر آصف علی زرداری سے کوئٹہ کے تین روزہ دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نواب ثنا اللہ زہری، اسفند یار کاکڑ، صمد گورگیج اور عبیداللہ گورگیج سمیت متعدد اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں نے حکومت سازی کے بعد ان سے پیش آنے والے مبینہ ناروا رویوں کا شکوہ کیا۔

 پشین سے آزاد حیثیت سے کا میاب ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رکن صوبائی اسمبلی اسفند یار کاکڑ نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا کہ صدارتی انتخابات اور سینیٹ انتخابات میں پارٹی پالیسی کو مقدم رکھا لیکن پارٹی نے کابینہ کے قیام کے دوران ان کا نام محض دو گھنٹے قبل لسٹ سے نکال دیا جو زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پشتون اضلاع میں اپنے مضبوطی کیلئے منصفانہ تقسیم کرنی چاہیے تھی جو کہ نہیں کی گئی۔

صدر مملکت سے ملاقات کے دوران آزاد حیثیت میں قلعہ سیف اللہ سے کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی مولوی نوراللہ نے بھی وزیر نہ بنائے جانے پر ان سے گلہ کیا جبکہ گورگیج فیملی سے تعلق رکھنے والے دو اراکین اسمبلی صمد اور عبید اللہ جنہیں پارلیمانی سیکرٹری کا درجہ دیا گیا تھا نے بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔

صدر آصف زرداری سے ملاقاتوں میں بعض صوبائی عہدیداروں نے صوبائی قیادت کے رویے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کارکنوں کو وقت نہیں دیتے جس سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

مزید خبریں :