02 فروری ، 2013
لالہ موسیٰ … وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے سوا کوئی ادارہ قانون سازی نہیں کر سکتا، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ ترمیم کیلئے بھی مینڈیٹ لینا ہوگا۔ لالہ موسیٰ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ سب کو عدلیہ کا احترام ہے تاہم عوامی نمائندوں کا احترام بھی ضروری ہے، عدلیہ جن قوانین پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہے وہ بھی پارلیمنٹ نے بنائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک کی غلطی ادارے کی غلطی نہیں ہوتی، اگر بھٹو کا عدالتی قتل ہوا تو کیا عمارت گرا دی جائے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے، جمہوری اداروں کے بغیر بھی کچھ نہیں رہتا۔