02 فروری ، 2013
اسلام آباد … سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور سابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے بجٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں، بروقت الیکشن ہوں تو آئندہ پارلیمنٹ کے پاس بجٹ کی منظوری کا مناسب وقت ہوگا۔ اسلام آباد میں جیونیوز سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بجٹ جلد بازی میں نہیں بنتے، نگراں حکومت کے بجٹ پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے سابق رکن پروفیسر خورشید نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کا بجٹ تیار کرنا دستوری تو ہے لیکن ایسی روایت نہیں، اگر الیکشن بروقت نہ ہوئے اور مئی میں نئی حکومت نہ آئی تو بجٹ تیار نہیں ہو سکے گا جس سے بدترین معاشی بحران آجائے گا۔ ان کا کہناتھا کہ 15 مارچ کو اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں تو 60 دن میں الیکشن کرا کے نئی حکومت بنائی جا سکتی ہے جو بجٹ تیار کر لے گی۔