02 فروری ، 2013
فیصل آباد … فیصل آباد کے رہائشی علاقے میں قائم تیل کے گودام میں لگنے والی آگ بجھادی گئی، امدادی کاموں کے دوران تیل کا ڈرم پھٹنے سے 5 ریسکیو اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ فیصل آباد کے علاقے سمندری روڈ پر تیل کے گودام میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، امدادی کارروائیاں جاری تھیں کہ اچانک گودام میں رکھا ہوا تیل کا ایک ڈرم پھٹ گیا، جس سے وہاں موجود 5 ریسکیو اہلکار اور 15 دیگر افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو الائیڈ اور سول اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تیل کا یہ گودام بغیر اجازت رہائشی علاقے میں بنایا گیا تھا۔ ڈی سی او فیصل آباد امین چوہدری کے مطابق گودام کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ڈی سی او نے بتایا کہ علاقے میں ایسے اور بھی گودام موجود ہیں، جس پر رپورٹ بناکر پنجاب حکومت کو بھیج چکے ہے۔