02 فروری ، 2013
اسلام آباد … متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ 5 سال حکومت کے اتحادی رہے لیکن انتخابات اپنے الگ منشور کے ساتھ لڑیں گے، صدر زرداری سے ملاقات میں الطاف حسین نکتہ اٹھائیں گے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت 5 سال حکومت کی اتحادی رہی لیکن عام انتخابات میں کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کیا جائے گا، ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین، صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں یہ نکتہ اٹھائیں گے کہ ایم کیو ایم کو کیا ملا؟۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کراچی کے حالات کی خرابی کی بڑی وجہ وہاں کمیونٹی پولیسنگ اور مقامی حکومتوں کے نظام کا نہ ہونا ہے، 2002ء سے 2008ء تک کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نام تک نہ تھا، اب تحریک طالبان پاکستان اور انتہا پسند قوتوں کے گٹھ جوڑ کے باعث کراچی کے حالات خراب ہیں۔