14 مئی ، 2024
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان نے پراپرٹی لیکس پر ردعمل میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو کے تمام ملکی و غیر ملکی اثاثے الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں ڈیکلیئرڈ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ نے جلا وطنی میں پرورش پائی ہے، شہید بینظیر بھٹوکی جلاوطنی کے دوران بلاول اور آصفہ ان املاک میں رہائش پذیر رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد دبئی کی املاک ان کی اولاد کو وراثت میں ملیں، بلاول بھٹو اور آصفہ کےتمام اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پرشائع کی جاتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بلاول بھٹو اور بی بی آصفہ کی دبئی کی املاک کی تفصیلات پہلے سے پبلک ہیں، خبر میں کچھ نیا نہیں، نہ غیرقانونی ہے، بظاہریہ خبر ہے نہ کوئی اسکینڈل، بدنیتی پرمبنی کسی بھی کارروائی کو متعلقہ فورمزپرچیلنج کیا جائے گا۔
دوسری جانب سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پراپرٹی لیکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ ہمارے اثاثہ جات پہلے سے ہی ڈیکلیئرڈ اور عوام کے علم میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور ٹیکس حکام کے پاس جمع معلومات کو سنسنی خیز بنا کر پیش کیا جارہا ہے، جن جائیدادوں کا تذکرہ کیا جا رہا ہے وہ پہلے ہی الیکشن کمیشن اور متعلقہ ٹیکس اتھارٹیز میں ڈکلیئرڈ ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہم ہر سال اثاثہ جات اور جائیداد کی ڈیکلیئرشن میں یہ تفصیلات جمع کرواتے ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں، پہلے سے سب کچھ عوام کے علم میں ہے۔