03 فروری ، 2013
اسلام آباد…سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر جام محمد یوسف اسلام آباد میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، جام یوسف کو اسلام آبادمیں ان کی رہائش گاہ پر طبعیت خراب ہونے پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پمز اسپتال ڈاکٹر فرخ جمال کے مطابق جام محمد یوسف اسپتال منتقل کرنے سے پہلے ہی حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے تھے، ان کا کہناتھاکہ جام یوسف کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا جائیگا۔ جام محمد یوسف کے انتقال کی خبر سنتے ہی مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین، نیلوفر بختیار سمیت دیگر رہ نما پمز اسپتال پہنچ گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پمز کے مطابق جام محمدیوسف کی میت صبح 9 بجے سی ون 30 کے ذریعے کراچی منتقل کی جا ئیگی، جہاں سے ان کی میت ضلع لسبیلہ منتقل کی جائے گی۔ لسبیلہ میں نماز جنازہ کے بعد ان کی تدفین لسبیلہ کے بڑاقبرستان میں کی جائیگی۔ نجکاری کے وفاقی وزیر جام محمد یوسف کا انتقال 59 سال کی عمر میں ہوا۔ ان کا شماربلوچستان کے ان سیاست دانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے وفاقی اورصوبائی دونوں سطحوں پربھرپور سیاسی کرداراداکیا۔ ضلع لسبیلہ کے مشہور جام خاندان سے تعلق رکھنے والے جام محمد یوسف کے والد میر جام غلام قادر ریاست لسبیلہ کے آخری حکمران تھے، جنہوں نے 1955 میں مغربی پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ 1954 میں پیدا ہونے والے جام محمد یوسف مشرف دور میں 2002 سے 2007 تک وزیراعلٰی بلوچستان رہے۔ وہ 2008 کے انتخابات میں لسبیلہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 2002 میں مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی اورانتقال کے وقت مسلم لیگ ق بلوچستان کے صدر اورنجکاری کے وفاقی وزیر تھے۔ کئی مرتبہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے جام محمد یوسف نے بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پانی و بجلی اور ریلویز کے وفاقی وزیر کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔