پاکستان
03 فروری ، 2013

کراچی: غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج برآمد، ملزم گرفتار

کراچی: غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج برآمد، ملزم گرفتار

کراچی…حکومت پاکستان کو کڑوروں، عربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے ایک غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج کو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی نے سر جوڑ کوششوں کے بعد ڈیفنس فیز 6 خیابان بخاری سے بر آمد کر لیا ، ایک ملزم کو بھی موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے کراچی میں موجود اس غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج اور دیگر کے خلاف سراغ جمع کئے جا رہے تھے اور بل آخر سر جوڑ کوششوں کے بعد ڈیفنس فیز 6 خیابان بخاری سے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک ایکسچینج بر آمد کر لیا گیا جس میں سولہ منی گیٹ ویز کی مدد سے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک سے کالز ملوائی جا رہی تھیں اور حکومت پاکستان کو ٹیکس کی مد میں ملنے والی رقم کو غبن کر کے نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی کے انسپکٹر محمد علی ابڑو نے جیو نیوز کو بتایا کہ سینکڑوں کی تعداد میں موبائل سمز اور انٹرنیٹ کی مدد سے غیر ملکی کالز کے لئے یہ گیٹ ویز استعمال کئے جارہے تھے اور ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر سائبر کرائم سرکل اور تمام اہلکار ان غیر قانونی ایکس چینجز کو گرفت میں لینے کی تگو دو میں مصروف ہیں جس کا نتیجہ یہ چھاپہ ہے۔ ایف آئی اے کے ایس ایچ او انسپکٹر محمد راشد بھٹی نے جیو نیوز کو بتایا کہ چھاپہ کے دوران لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ کے لئے استعمال ہونے والے آلات، موبائل سمز اور دیگر سامان کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ ایک ملزم کو بھی تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے، ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :