پاکستان

جعلی سفری دستاویزات پر کراچی سے کینیڈا جانے کی کوشش: 2 مسافر، ایجنٹ اور سہولتکار گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر کینیڈا جانے کیلئے پہنچے 2 مسافروں، ایجنٹ اور سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق 2 مسافر عابد علی اور اشتیاق احمد وزٹ ویزے پر کراچی سے فلائٹ پی کے 783 کے ذریعے ٹورنٹو جانے کیلئے ائیرپورٹ پہنچے تھے۔

کراچی امیگریشن کے معائنے پر مسافروں کے پاسپورٹس پر لگے کینیڈا کے ویزے جعلی نکلے۔ مزید پوچھ گچھ کے دوران ملزمان کی نشاندہی پر ائیرپورٹ سے ٹریول ایجنٹ ناصر خان اور سہولت کار جان محمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ 

حکام کے مطابق گرفتار ایجنٹ ناصر خان بذریعہ جہاز ملزمان کے ہمراہ اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا۔ 

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے ایجنٹ سے کینیڈا کے ویزے فی کس 40 لاکھ روپے کے عوض حاصل کیے تھے۔ 

گرفتار ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں :