پاکستان

وزیراعظم کی مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کیلئے منعقد یادگاری تقریب میں شرکت

وزیراعظم شہباز  شریف نے تہران میں مرحوم صدر  ابراہیم رئیسی  اور  ان کے ساتھیوں کے لیے منعقدہ  یادگاری  تقریب میں شرکت کی ہے۔

وزیراعظم اس ہال میں بھی گئے جہاں مرحوم ایرانی صدر کا جسد خاکی رکھا گیا تھا، وزیراعظم نے مرحوم صدر کے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے مرحوم ایرانی صدر کو پاک ایران تعلقات کے فروغ  اور خطےکے لیے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت بھی کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور  ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور رفقا کی شہادت پرشدید صدمہ ہوا، دکھ اورغم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام سےدلی تعزیت کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مرحوم ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی پاکستان کے عظیم دوست تھے، ابراہیم رئیسی کےگزشتہ ماہ دورہ پاکستان میں پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نگران صدر محمد مخبر کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم کی مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کیلئے منعقد یادگاری تقریب میں شرکت
وزیر اعظم نے  ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے بھی ملاقات کی— فوٹو: فائل

ملاقات کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کےانتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے مرحوم صدر رئیسی کے اپریل 2024 میں دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے میں صدر  ابراہیم رئیسی کےکردارکی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاک ایران تعلقات مزید مستحکم کرنے اور تجارت بڑھانےکامرحوم ایرانی صدرکا وژن جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ امت مسلمہ کےاتحاد اور غزہ کے محصور عوام کے لیے صدر ابراہیم  رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبات کو محسوس کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ ہم پاک ایران تعلقات میں مرحوم ایرانی صدر  ابراہیم رئیسی کے وژن کو  آگے بڑھائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

مزید خبریں :