پاکستان
03 فروری ، 2013

بلوچستان میں گورنر راج ختم کیا لانگ مارچ کریں گے،وحدت المسلمین

کراچی …بلوچستان میں گورنر راج کا خاتمہ کیا گیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، گورنر راج کی مخالفت کرنے والے مظلوم انسانوں کے بہنے والے خون کی تذلیل کررہے ہیں،ناموس رسالت ﷺ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے ہیں، میلاد مصطفی ﷺ انقلاب مصطفی ﷺکی طرف سفر کرنے کا نام ہے۔ ان خیالات مقررین نے مجلس و حدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام نشتر پارک میں منعقدہ جشن عید میلاد النبیﷺ و عظمت مصطفی کانفرنس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری علامہ امین شہیدی ،جمیعت علماء اسلام صوبہ سندھ کے رہنماء علامہ قاضی احمد نورانی،پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء خان محمد بلوچ ، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ مختار امامی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماشامل تھے ۔جلسہ سے خطاب میں مجلس و حدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر راج کا خاتمہ کیا گیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، گورنر راج کی مخالفت کرنے والے مظلوم انسانوں کے بہنے والے خون کی تذلیل کررہے ہیں، ناموس رسالت ﷺ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے شیعہ و سنی مل کر امریکہ کے خلاف میدان میں اتریں اور اپنے وطن کو اس کے ناپاک شکنجے سے آزاد کرائیں۔علامہ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ میلاد مصطفی ﷺ انقلاب مصطفی ﷺکی طرف سفر کرنے کا نام ہے، علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ آج رحمتہ العالمین کی امت کی زبوں ہالی کا سب سے بڑا سبب تعلیمات محمدی سے دوری ہے۔ علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ حقیقی معنوں میں جشن رسول منانے کا حق ان عاشقان رسول کیلئے ہے جو عاشورہ اور محرم کو ماتم کرتے ہیں،مولاناشیخ محمد حسن صلاح الدین کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعتیں ملک میں عدم استحکام کو فروغ دے رہی ہیں ، بلوچستان میں گورنر راج کے خلاف کسی قسم کی سازش کو بر داشت نہیں کیا جائے گا اورپوری ملت جعفریہ ان تمام استعماری طاقتوں کو شکست دے گی، خان محمد بلوچ نے کہا کہ پاکستان غلامان مصطفی (ص) کا ملک ہے۔

مزید خبریں :