03 فروری ، 2013
کراچی …عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کراچی میں اے این پی کے کارکن ماجد خان کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو مکمل چھوٹ دیدی گئی ہے۔ اور شہر کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔اپنے ایک بیان میں سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ارباب اختیار کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں کے اعلانات صرف دعوے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماجد خان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ماجد خان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کراچی اپنی تاریخ کے انتہائی بدترین حالات سے گزرر ہا ہے شہری مکمل طور سے دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے جب تک دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا جاتا امن کسی طور قائم نہیں کیا جاسکتا۔