پاکستان
05 فروری ، 2013

منہاج القرآن کی جانب سے ڈیلس میں جشن عید میلاد النبی کی تقریب

منہاج القرآن کی جانب سے ڈیلس میں جشن عید میلاد النبی کی تقریب

ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ (نمائندہ جنگ)…ادارہ منہاج القرآن کی جانب سے ڈیلس میں جشن عید میلاد النبی کی ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں ڈی ایف ڈبلیو میں مقیم افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کے معروف نعت خواں نور محمد جرار نے حضور اکرم ﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا تو وہاں پر موجود کئی افراد آبدیدہ ہوگئے۔ پروگرام میں ہیوسٹن کے ممتاز عالم دین مولانا مختیار احمد نعیمی نے بھی خطاب کیا اور خواتین پر بچوں کی بہتر اسلامی تربیت کیلئے زور دیا۔ منہاج القرآن ڈیلس کے رہنما ڈاکٹر منصور میاں ، عمران ڈنکا نے اس موقع پر منہاج القرآن کی اسلام کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی، جبکہ تقریب میں مقامی نعت خوان محمد اکرم، ساجد، شعیب اور حبیب سمیت مقامی اسکولوں کے طلباء نے بھی حصہ لیا۔ عید میلاالنبی کے پروگرام کی نظامت کے فرائض مجیب قاضی اور سمیع قریشی نے سرانجام دئیے جبکہ ڈیلس کی ممتاز مذہبی شخصیت غلام جہانگڑا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ منہاج القرآن کی جانب سے 9فروری کو علم سینٹر میں عید میلاد النبی کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ڈی ایف ڈبلیو کی جانب سے 10فروری کو ڈاؤن ٹاؤن ڈیلس میں میلاد پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس پریڈ کی قیادت پاکستان کے ممتاز عالم دین ڈاکٹر جمیل راٹھور، مولانا بابر رحمانی، شعیب احمد، مفتی حفیظ الرحمان، قاری بلال، مولانا غلام سبحانی اور دیگر علماء کرام کرینگے۔

مزید خبریں :