Time 04 جون ، 2024
پاکستان

پنجاب اسمبلی میں تلخ جملوں کا تبادلہ، حکومتی اور اپوزیشن ارکان آپے سے باہر ہوگئے

پنجاب اسمبلی میں  تلخ جملوں کا تبادلہ، حکومتی اور اپوزیشن ارکان آپے سے باہر ہوگئے
فوٹو: فائل/اسکرین گریب

پنجاب اسمبلی میں بانی پی ٹی آئی اور پارٹی قائد پر تنقید کے معاملے پر تلخ جملوں کا تبادلہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان آپے سے باہر ہو گئے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کے دوران وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان کی شیخ امتیاز کے ساتھ تلخ کلامی ہو گئی، مجتبیٰ شجاع الرحمان نے شیخ امتیاز کو شٹ کہتے ہوئے اسپیکر سے کہا کہ اس شخص کو کہیں آرام سے بیٹھے ورنہ ان کا منہ توڑ دوں گا، جس کے بعد حکومتی اور اپوزیشن بینچوں پر شور شرابا شروع ہو گیا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان اور شیخ امتیاز ایک دوسرے کی طرف جانے کیلئے سیٹوں سے اٹھے تو اسپیکر نے معاملہ ٹھنڈا کیا، بعد میں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے ایوان میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جو بھی غلط الفاظ کہے اس پر معافی مانگتا ہوں۔

میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ جمخانہ کلب کی 117 ایکڑ سے زائد زمین کو 1913 سے 1921 تک 16 سو روپے ٹھیکہ پر دیا گیا جبکہ 1996 سے 2050 تک سالانہ 5 ہزار روپے فی ایکڑ زمین لیز پر دی گئی۔

سانحہ نو مئی پر بات کرتے ہوئے حکومتی رکن رانا منور غوث نے کہا کہ میانوالی میں جو دو جہاز جلائے گئے کیا اس کی ن لیگ نے دعوت دی تھی۔ جناح ہاؤس لاہور اور سرگودھا میں شہیدوں کی یادگاریں پی ٹی آئی نے مسمار کیں، کیا اس کی دعوت بھی ن لیگ نے دی تھی؟

ایجنڈا مکمل ہونے پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔

مزید خبریں :