05 فروری ، 2013
حیدرآباد…عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے آئندہ انتخابات سے پہلے گورنر سندھ کو ہٹانے اور عدالتی حکم کے مطابق کراچی میں فوج کی زیرنگرانی ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا مطالبہ کیا ہے۔ایازلطیف پلیجو نے حیدرآباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں غلام احمد بلور اور شاہی سید کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں بھرپور شرکت کرے گی۔ ایاز لطیف پلیجو نے الیکشن کمیشن کوشفاف بنانے اور غیر جانب دار افراد پر مشتمل نگراں حکومت قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔اُن کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو شفاف بنایا جائے، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کراچی میں فوج کی نگرانی میں ووٹروں کی تصدیق کی جائے۔ پریس کانفرنس میں اے این پی کے رہ نما غلام احمد بلور نے کہا کہ ملک میں سیاست سب نے کی لیکن پولیٹیکل وژن نہیں تھا۔ سمجھ نہیں آتا ملک آگے جارہا ہے یا پیچھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مل کر جدوجہد کئے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔مارشل لاء نے ہماری سوچوں کو علاقے کی سطح تک محدود کرودیا تھا پاکستان کی سوچ ختم ہوگئی تھی اس لئے آج ہم سب اکٹھے ہورہے ہیں تاکہ پاکستان سے متعلق سوچیں۔سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ سندھ سندھیوں کا ہے ، اے این پی کا سندھ میں حاکمیت کا ارادہ نہیں ہے، اے این پی سندھیوں کے حقوق کے لئے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔