05 فروری ، 2013
کراچی…ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔درجنوں مویشی بھی حادثات کا شکار ہوئے۔ پشاور کے نواحی علاقے بدھو ثمر باغ میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 بچیاں جاں بحق اور میاں بیوی سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ ہری پور میں تیز بارش کے بعد تلوکر کے برساتی نالے میں طغیانی سے تین بچوں اور دو خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد بہہ گئے۔جن میں ایک بچے کی لاش اور ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا دیگر 4 افراد کی تلاش جاری ہے۔ سرائے صالح میں مکان کی چھت گرنے اور حطار کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 12سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔صوابی کے افغان مہاجر کیمپ میں مکان کی چھت گر نے سے دو کمسن بھائی جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ نوشہرہ کے علاقے بدرشی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔چارسدہ کے علاقہ گنڈیری میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور دو خواتین زخمی ہوئیں۔شانگلہ کے علاقے ملک خیل امنوی میں برفانی تودہ گرنے سے تین راہ گیر جاں بحق ہوئے۔جبکہ بشام لاہور نالے کے قریب گاڑی کھائی میں گر نے اور ایک مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔لاہورکے علاقے جوہرٹاوٴن میں چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور6 زخمی ہو گئے۔ملبے تلے دب کر 2 مویشی بھی مر گئے۔بھکر میں گورنمنٹ لائف اسٹاک فارم کی چھت گرنے سے سو سے زائد بھیڑیں ہلاک ہوگئیں۔نارروال کے علاقہ سادھو والا میں آسمانی بجلی گرنے سے 14 سالہ لڑکا ہلاک ہوا۔ حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں میں ہوٹل کی دیوار گر نے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔خانیوال کے علاقے جسونت نگر میں مکان کی چھت گرنے سے 7 افراد زخمی ہوئے۔