05 فروری ، 2013
اسلام آباد…تحریک انصاف نے کہا ہے کہ صدر زرداری کی موجودگی میں انتخابات کا عمل مشکوک ہوگا،لہٰذا صدر آصف علی زرداری استعفے دیں پارٹی اعلامیہ کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی کمیٹی کا اجلاس منگل کو ہوا۔ جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت ہم خیال سیاسی جماعتوں سے اتحاد کیلیے رابطوں اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں حلقہ بندیاں کرائی جائیں، الیکشن کمیشن عدالتی فیصلے پرعملدرآمد میں ناکام رہا ہے،تاہم اجلاس نے چیف الیکشن کمشنر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔اجلاس نے آخر میں مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومتوں کے مقررکردہ الیکشن کمیشن کے4 ارکان کا ازسر نو تقررکیاجائے،اور نئے غیر جانبدار ارکان مقرر کیے جائیں۔