05 فروری ، 2013
ٹیکسلا…وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ہمیشہ ایجنسیوں کے بل بوتے پر سیاست کی ہے ،اس دفعہ انھیں جنوبی پنجاب کے لوگ مسترد کردینگے، ٹیکسلا میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو جھوٹا کہنے والے خود کتنے ایماندار ہیں اسکا ثبوت یہ ہے کہ پنجاب کی حکومت ق لیگ کے توڑے گئے ایم پی ایز کی مرہون منت ہے ورنہ 2008کے الیکشن میں تو ن لیگ کو سادہ اکثریت بھی نہیں ملی تھی اگر اس موقع پر جبکہ پنجاب میں حکومت سازی نہیں ہوئی تھی ہم چاہتے تو ن لیگ کی حکومت کبھی نہ بنتی ، یہ صدر زرداری کی فراخدلی کا نتیجہ ہے۔انھوں نے کہا کہ راولپنڈی اور پنجاب کے کئی اور ڈویژن واضلاع سے اس دفعہ ن لیگ کا مکمل صفایا ہوجائے گا اور مقبولیت کے جھوٹے دعوے اور جعلی سروے کی حقیقت سامنے آجائے گی ،پی پی بھرپور طور پر نشستیں جیتے گی۔انھوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو ملک میں آٹا،چینی،دالیں اور گھی تک نہیں تھا،شہباز شریف مائیک پھینک کر بھٹو بننے کے ڈرامے کرتے ہیں ،بھٹو بنا نہیں کرتے بلکہ بھٹو تو پیدا ہوتے ہیں ،اور اسکے کیلیے ڈرامے نہیں قربانیاں دینا پڑتی ہیں، خاندان قربان کرناپڑتے ہیں۔