05 فروری ، 2013
ملتان…سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں پارٹی کو بغیر بتائے پیش ہوا ہوں جب نااہل ہوا تھا اس وقت حالات اور تھے، ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب مجھے نااہل کیا گیا تو اس وقت میرا موقف تھا کہ صدر کو آئین پاکستان کی رو سے استثنیٰ حاصل ہے سپریم کورٹ میں اکیلا اس لئے گیا کیونکہ مجھے پریشر شو نہیں کرنا تھا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے سے مضبوط ہے اور 20ویں ترمیم کا مقصد ہی الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا تھا۔ نئے صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے بنانا مذاق نہیں ہے پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ الیکشن سے قبل صوبہ بننے اور یہی اسمبلی صوبہ بنائے لیکن پاکستان مسلم لیگ ن یہ نہیں چاہتی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کے ایک بیان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ نگران سیٹ اپ کی کنجی ان کے ہاتھ ہے کنجی تو سیاستدانوں کے ہاتھ میں ہی ہوتی ہے لیکن اکثر جیب کٹ جاتی ہے۔ کشمیر ڈے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے دونوں وزرائے اعظم نے روسٹرم پر کھڑے ہو کر کہا کہ دونوں ممالک سیا چن اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنے پر سنجیدہ ہیں۔