06 فروری ، 2013
اسلام آباد…وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ کشمیری پاکستان یا بھارت کے ساتھ جانا چاہیں یا کوئی اور فیصلہ کریں اس میں کسی کو کیا اعتراض ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس اس وقت یہ صلاحیت نہیں کہ پاکستان کا پانی روک سکے۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارت کے پاس ایسا کوئی ڈیم نہیں کہ پاکستان کا پانی روک لے، وہ جہاں ڈیم بنانے کی کوشش کرتا ہے حکومت پاکستان اور بین الاقوامی قوانین حرکت میں آتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت جتنا حق ہے بھارت اتنا ہی پانی استعمال کرسکتا ہے، جس پر اس کا حق نہیں وہ پانی نہیں روک سکتا، بھارت نے جب بھی کوئی ڈیم بنانے کی کوشش کی پاکستان نے اسے سنجیدگی سے لیا، کشن کنگا ہو یا نیموباز ڈیم ، عالمی عدالت انصاف میں گئے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ ہے نہ پاکستان اور بھارت کے درمیان محض ایک تنازع، بلکہ یہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ کشمیریوں کا معاملہ اور انسانی مسئلہ ہے۔ تقریب سے خطاب میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ گزشتہ چار پانچ برس میں مسئلہ کشمیر پس منظر میں چلا گیا۔