06 فروری ، 2013
واشنگٹن…امریکا میں پاکستانی سفیر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکا کوڈرون حملوں کی کسی خفیہ معاہدے کے تحت اجازت نہیں دی۔ امریکی اخبار ”واشنگٹن پوسٹ“ کے مطابق پاکستانی سفیر شیری رحمان نے کہاہے کہ سی آئی اے کی طرف سے پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملے پاکستان کی خود مختار ی اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہیں جس سے پاک امریکا مستحکم تعلقات خطرات سے دوچار ہیں۔ انھوں نے ان خبروں کو بھی بے بنیاد قرار دیا جن میں کہا گیا کہ پاکستان نے امریکا کو ڈرون حملوں کی کسی معاہدے کے تحت اجازت دے رکھی ہے لیکن عوامی سطح پر ان کی مذمت کرتاہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ وہ یقین دلاتی ہیں کہ پاکستان حکومت کا کوئی خفیہ معاہد ہ نہیں اور نہ ہی ایسا کوئی سوال پیدا ہوتا ہے کہ بظاہر مخالفت اور خفیہ حکمت عملی سے اجازت دے رکھی ہو۔