08 جون ، 2024
کراچی: ورلڈ وائڈ فنڈ فور نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے تکنیکی مشیر معظم خان نے کہا ہےکہ کراچی پورٹ اور اس سے ملحقہ علاقے آبی زندگی کے لیے ’ڈیڈ زون‘ قرار دیے گئے ہیں۔
سمندروں کے عالمی دن پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معظم خان نے بتایا کہ کراچی کا سمندر انسانی سرگرمیوں کے باعث آبی حیات سے محروم ہورہا ہے، یہاں سمندر میں یومیہ 500 ملین گیلن گنداپانی چھوڑا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیاری ندی ،ملیر ندی اور دیگر چھوٹے بڑے ندی نالوں سے گندا پانی سمندر میں جاتا ہے جس کے باعث آلودگی کا اثرکراچی پورٹ کے باہر تقریباً 10 کلومیٹرتک پھیل چکا ہے۔
مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف کا کہنا تھا کہ گلبائی اور مچھرکالونی کے آس پاس کاعلاقہ بھی آبی حیات کے لیے انتہائی آلودہ قرار دیا گیا ہے جب کہ آلودگی کے باعث گلبائی اور مچھر کالونی کے آس پاس کوئی سمندری حیات نہیں پائی جاتی۔
معظم خان کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ اور اس سے ملحقہ علاقے آبی زندگی کے لیے ’ڈیڈ زون‘ قرار دیے گئے ہیں، آلودگی کے باعث کراچی پورٹ ایریا میں تقریباً 10 اہم سمندری حیات ناپید ہوگئیں۔