08 جون ، 2024
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم پچھلی بار زمبابوے سے ہارنے کے بعد فائنل کھیلی تھی، یہ نہیں سوچ سکتے کہ پچھلا میچ پاکستان ہارا تو یہ بھی ہار سکتا ہے۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روہت شرما کا کہنا تھاکہ پچ جیسی ہو، سامنا کسی سے بھی ہو، ہمیں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کےخلاف میچ کےلیےگیم پلان پربات ہوئی ہے، ٹیم میں سب تجربہ کار پلیئرہیں، ان سےاچھے کی توقع ہے، کسی ایک دو کھاڑیوں پرانحصارنہیں کرسکتے، تمام 11 کوکردار ادا کرنا ہوگا اہم پلیئر ہر اسکواڈ میں ہوتےہیں لیکن کردارسب کا ہی رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ یہاں کی کنڈیشنز میں مشکلات ہیں لیکن جیت کیلئے اس کو عبور کرنا ہوگا، یہاں ہر اوور میں گیم تبدیل ہوتا ہے، اس لیے زیادہ آگے کا نہیں سوچتے۔
پاکستان ٹیم سے متعلق روہت شرما نے کہا کہ پاکستان پچھلی بار زمبابوے سے ہارنے کے بعدبھی فائنل کھیلاتھا، ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی وقت صورتحال بدل جاتی ہے، یہ نہیں سوچ سکتےکہ پچھلا میچ پاکستان ہارا تویہ بھی ہار سکتا ہے، پاکستان ٹیم یقینی طور پر اپنی غلطی کا تجزیہ کرکے آئے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ کبھی اچھے آغاز کے بعد بھی ٹیمیں لڑکھڑا جاتی ہیں، نیویارک میں دونوں ٹیم کیلئے یکساں کنڈیشنز اور موقع ہوگا، ہم یہاں صرف چھ سات دن پہلے آئے ہیں، نیویارک ہمارا ہوم گراؤنڈ نہیں، جو اچھا کھیلے گا وہ جیتے گا، اس سے فرق نہیں پڑنا کہ کون پہلےنیویارک پہنچا۔
بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ نیویارک کی پچ پرباؤنڈری اور چھکے نہیں ملتے، بھاگ کر رن لینا اہم ہوگا، ٹی ٹوئنٹی میں ہرٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کل نیویارک کے کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگے۔