06 فروری ، 2013
لاہور…وفاقی حکومت کے وکیل وسیم سجاد نے کہا ہے کہ ایوان صدر کوپی پی کی سیاسی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا ،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا فل بینچ صدر کے 2 عہدوں سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت کررہا ہے۔وفاقی حکومت کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت میں تحریری موقف پیش کر دیا،وسیم سجاد نے کہا کہ صدر جلد سیاسی عہدہ چھوڑ دیں گے اورایوان صدر کوپی پی کی سیاسی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا ۔جسٹس منصور نے استفسار کیا کہ سیاسی سرگرمیاں ایوان صدر اسلام آباد میں نہیں ہوں گی تو کراچی میں ہو سکتی ہیں ، اِس پر وسیم سجاد نے جواب دیا کہ ایوان صدر اسلام آباد میں ہیں باقی صدر کے گھر ہیں ،اِس پر چیف جسٹس عطا محمد بندیال نے کہا کہ ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں بند کرنے کا بیان خوشگوار بات ہے ،وسیم سجاد نے کہا کہ اب تو معاملہ ختم ہو گیا ،صدر جلد سیاسی عہدہ چھوڑ دیں گے۔وسیم سجاد نے عدالت کو بتایا کہ صدر حکمران جماعت کے سربراہ نہیں ہیں ،پی پی پی پی کے سربراہ مخدوم امین فہیم ہیں۔اِس پر جسٹس منصورنے استفسار کیا کہ صدر حکمران جماعت کے سربراہ نہیں ہیں ، کیا صدر جس پیپلزپارٹی کے صدر ہیں وہ فعال ہے ،اِس پر وسیم سجاد نے جواب دیا کہ نہیں وہ فعال نہیں مگر الیکشن ہونیوالے ہیں وہ فعال ہو سکتی ہے ۔